کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہم ہر ممکن تعاون کریں گے: وزیر اعظم

02:29 PM, 5 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ کشمیر کے عظیم سپوتوں اور شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ، بھارت نے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بے تحاشہ خلاف ورزیاں کیں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کشمیری بھائیوں کو بھارت سے آزادی ملے ۔

ملک میں سیلاب اور بارشوں سے ہونی والی تباہی پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہیں ۔ ہم سب سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں ۔ حکومت حق دار کو ان کی دہلیز پر حق پہنچانے کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست بعد میں ہوگی پہلے عوام کی خدمت ہوگی ، یہ سیاست کا وقت نہیں خدمت کا وقت ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں ۔ متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو معاوضہ دے رہی ہے ۔ متاثرین کو صوبائی حکومتیں الگ سے معاوضہ فراہم کر رہی ہیں ۔ متاثرہ گھروں میں کچے اور پکے مکان کی تقسیم ختم کر دی ۔ مکمل تباہ گھروں کیلئے 5 لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ جزوی طور پر نقصان پہنچنے والے گھروں کیلئے ڈھائی لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ جب تک آخری گھر آباد نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

مزیدخبریں