اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سرگرم ہوگئے ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکام سے رابطہ ، آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے گفتگو کی ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کیلئے اچھی خبر جلد متوقع ہے کیونکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کی جانب سے آرمی چیف کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔
اس سے قبل آرمی چیف نے امریکہ سے پاکستان کیلئے قرض کی رقم جلد جاری کرنے کیلئے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کی تھی ۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کیلئے تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی فوری فراہمی کیلئے دباؤ ڈالے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے آئی ایم ایف پیکیج دلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے ٹیلی فونک گفتگو میں وائٹ ہاؤس سے اپیل کی ہے کہ آئی ایم ایف کے 1.2 ارب ڈالر کے قرضے کا پراسس تیز کیا جائے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام چیمبرز اور عوام میں معیشت کے حوالے سے تشویش ہے اور اگر آئی ایم ایف پیکیج جلدی مل جاتا ہے تو ناصرف ڈالر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے بلکہ اس سے پاکستان کو چین اور سعودی عرب سے امداد ملنے میں بھی بھرپور مدد ملے گی ۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے 13 جولائی کو پاکستان کے ساتھ ’سٹاف لیول معاہدے کی منظوری‘ دی تھی جس کے بعد وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیراعظم شہباز شریف متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد سٹاف لیول معاہدے کی منظوری بھی دے گی ۔
تاہم پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان معاہدہ ہونے کے باوجود ابھی تک قرض کی رقم فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث ملکی معیشت انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے ۔