اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،کامیاب پاکستان منصوبے سے کسانوں کو معاونت، سستی رہائش کی فراہمی اور کاروبار میں آسانی کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کرینگے،پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کی کوشش ہے عوام پر بوجھ کم کر کے ریلیف فراہم کیا جائے ۔
وزیراعظم عمران خان نے نائب صدر ورلڈ بینک ہارٹ وگ شگافر سے ملاقات کے دوران کہا حکومت پاکستان ایسے فلاحی پروگرام لا رہی ہے جس سے غریب عوام پر مہنگائی کو بوجھ کم سے کم پڑے ، وزیر اعظم نے عالمی بینک کے پاکستان کے ساتھ مشکل وقت میں تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک معاشی طور پر کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان منصوبے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا جو کسانوں کو معاونت، سستی رہائش کی فراہمی اور کاروبار میں آسانی کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کریگا۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اس وقت پوری دنیا میں اشیا کی قیمتوں میں 40 فی صد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام پر بوجھ کم کرکے ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی سے اس ملک کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کو بھی اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
ملاقات میں پاکستان کے گزشتہ سال باقی ممالک جن میں آئی ایم ایف پروگرام جاری ہے ان کی نسبت ڈیبٹ کو جی ڈی پی ریشومیں معاشی شعبے میں اصلاحات کے ذریعے سب سے کم اضافے اور معاشی ترقی میں تمام طبقوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر بھی گفتگو ہوئی۔شرکا کو بتایا گیا کہپاکستان موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے معاشی ترقی کی پالیسی اپنا رہا ہے جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملکی ریونیو بھی بڑھے گا اور لوگوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
ملاقا ت میں حکومت کے اقدامات جن میں SDGs پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کسانوں کی آسان قرضوں سے معاونت و منڈیوں تک بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ذریعے رسائی، آپٹیکل فائیبر سے مواصلات کے نظام میں بہتری جس کی وجہ سے لاک ڈان میں تعلیمی سرگرمیوں کو فعال رکھنے میں معاونت، انضمام شدہ اضلاع کے لوگوں کی ترقی کیلئے اٹھائے اقدامات، ماحولیاتی آلودگی کے سدباب جس میں جنگلات کی بھالی، بلین ٹری سونامی اور کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں پر پابندی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
علاقائی نائب صدر ورلڈ بینک، جنوبی ایشیاہارٹ وِگ شکافر نے کہا کہ نہ صرف عالمی بینک بلکہ پوری دنیا پاکستان کے احساس پروگرام کی تخفیف غربت و سماجی تحفظ کے حوالے سے معترف ہے اور مثالیں دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی بنک متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور سماجی تحفظ کے منصوبوں میں بھی پوری معاونت میں دلچسپی رکھتا ہے۔