وزیراعظم نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کا نوٹس لے لیا

02:37 PM, 5 Aug, 2021

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر  ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا۔

سوشل میڈیا پر رحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہو ئی تھی ، رپورٹس کے مطابق مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا۔

حملے کے دوران  لاٹھیوں سے مسلح افراد  نےمندر میں توڑ پھوڑ کی اور نعرے بھی لگا ئے۔

ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے  میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو درجن سے زائد افراد نے سدھی ونایک مندر پر ہلہ بولا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی  شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائے اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل اجازت اور تحفظ فراہم کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنی عبادات کر سکیں۔

مزیدخبریں