جسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کی اہلیہ کورونا سے صحتیاب ہوگئے

12:46 PM, 5 Aug, 2021

اسلام آباد : جسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کی اہلیہ کورونا سے صحتیاب ہوگئے، ڈاکٹروں نے قاضی فائزعیسیٰ کو صحت مند قرار دیتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کےجسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کی اہلیہ کورونا سے صحتیاب ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی اور سیرینا فائز عیسی کا کورونا پی سی آر ٹیسٹ منفی آگیا ہے ، جس کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت پر سیرینا فائز عیسی نےقرنطینہ ختم کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم کاجسٹس قاضی فائز عیسی کا معائنہ کیا ، ان کی روٹین ٹیسٹ رپورٹس نارمل ہیں، جس کے بعد ڈاکٹروں نے قاضی فائزعیسیٰ کو صحت مند قرار دیتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی آج نجی اسپتال سے گھر منتقل ہوجائیں گے، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اوراہلیہ کا23 جولائی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیاتھا، دونوں میں ڈیلٹا ویرینٹ کی تصدیق ہوئی تھی۔

گذشتہ روز جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اسپتال سے جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ زندگی سب کا بنیادی حق اور صحت اس کا اہم ترین حصہ ہے، میں اور میری اہلیہ دونوں کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے اور تمام تر احتیاط کے باوجود ہم دونوں ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہوئے۔

جسٹس فائزعیسی کا کہنا تھا کہ نجی ہسپتال میں بہترین علاج ہورہا ہے، ڈاکٹروں کی ٹیم کا نہایت شکر گزار ہوں، بدقسمتی سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں سماجی فاصلے کی پابندی پرعمل درآمد نہیں ہورہا۔

انھوں نے کہا کہ کورونا صورتحال کے دوران موجودہ حالات کسی جنگ سے کم نہیں، ٹی وی اور ریڈیو پرکورونا ماہرین سے عوام کو آگاہی دلوائی جائے، وبا سے نمٹنا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں