اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اسرائیل سے ظلم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی لی، پیلٹ گنز خریدیں اور ڈیموگرافی بدلنے کا طریقہ سیکھا ہے۔
صدرمملکت کی زیر قیادت اسلام آباد میں ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں صادق سنجرانی، شبلی فراز، شہریار آفریدی بھی شریک ہوئے۔ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے کشمیر کی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ کشمیر کی سرزمین پر بھی یوم استحصال منایا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یوم استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے لاک ڈاوَن ہے جس سے معیشت کو بڑا نقصان ہوا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہ ہوا اور بھارت کی جانب سے ہمیشہ وعدہ خلافی کی گئی۔ امن کے پیغام کے باوجود بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا اور پاکستان نے امن قائم رکھنے کیلئے ابھی نندن کو واپس کیا۔انہوں نے کہا کہ شملہ معاہدے پر آج بھی بھارت پاکستان سے مذاکرات کیلئے تیار نہیں۔ کشمیری عوام بھارت کا غیر قانونی اقدام تسلیم کرلیتے تو آج وہاں کرفیو نہ ہوتا۔ کشمیر میں کرفیو ثابت کرتا ہے کشمیری عوام کو بھارتی اقدام منظور نہیں۔ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فوج نے کشمیری عوام کا محاصرہ کررکھا ہے۔ انہوں نے مطالبنہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو آزادی دی جائے۔
عالمی برداری سے اپیل ہے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کیلئے راستہ کھلوائیں۔ صدر مملکت نے مطالبہ کیا اقوام متحدہ اپنے وعدے پورے کرے اور او آئی سی سے اپیل ہے کشمیریوں کا ساتھ دے۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی برداری نوٹس لے۔ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا حساب دینا ہو گا۔