بھارتی مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں ہو سکتا، ریلیوں سے خطاب

بھارتی مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں ہو سکتا، ریلیوں سے خطاب

اسلام آباد: حکومتی رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں ہو سکتا۔

وفاقی دارالحکومت میں وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام ہونے والی یوم استحصال ریلی سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی برداری نوٹس لے۔ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا حساب دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے سے معیشت پر اثر پڑا تاہم بھارتی مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں ہو سکتا۔ عالمی برادری کو کشمیریوں پر جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی رویے سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں۔چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہے اور ہم نے مسئلہ کشمیر پر دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر خطے کا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دوطرفہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ عالمی برادری بتائے کشمیریوں کو حقوق کون دلائے گا ؟

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ اگست انسانی تاریخ کا ایک تاریک دن ہے جب مودی سرکار نے انسانی حقوق کی پامالی کی ایک نئی مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کر کے اسے جیل میں تبدیل کر دیا اور انسانی تاریخ میں ایسی بدترین مثال کہیں نہیں ملتی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بھارت کےغیر قانونی اقدامات دنیا کی توجہ کے متقاضی ہیں اور بھارت کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبانے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے استحصالی اور توسیع پسندانہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر متفق ہیں۔ بھارت غیر قانونی اقدام کے باجود تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ بھارت نے آج کے دن کشمیری عوام کے لیے ڈیتھ وارنٹ جاری کیا لیکن یہ وارنٹ کشمیریوں کے خلاف نہیں بلکہ اپنے خلاف جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کھل کر بتا دیا کہ وہ نہ صرف انسانی حقوق کو روندنے والا سب سے بڑا ملک ہے بلکہ یہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے بھی مخالف ہیں۔

مشال ملک نے کہا کہ پہلے بھارتی فورسز نے قبضہ کیا لیکن مودی نے بھارتی عوام کو بھی لائسنس جاری کر دیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یوم استحصال کے موقع پر کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم سب کشمیری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری نگر کو دہشت نگر بنا دیا گیا ہے تاہم ہم خاموش تماشائی بن کر کشمیر میں مظالم نہیں دیکھ سکتے اور مسئلہ کشمیر پر دنیا کی آنکھیں کھولیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وقت پڑے پر کشمیری ہمیں اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔گورنر ہاؤس لاہورسے شروع ہونے والی ریلی سے خطاب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں کا قتل عام کیا تاہم آزادی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے لیکن بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ آزادی کم نہیں ہوا اور پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور پاکستان اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ گزشتہ سال سے ہٹلر مودی کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں، نوجوانوں پر ریاستی جبر کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایک سال پہلے نریندر مودی نے کشمیری عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا۔