اسلام آباد: حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جو کل بروز منگل صبح 11 بجے شروع ہو گا۔ اعظم سواتی نے مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں سے رابطے کر لئے۔
حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کل صبح 11 بجے پارلیمٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے حکومتی اتحادی و اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں سے رابطے کر لئے ہیں۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جن کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسئلہ کشمیر پر مشترکہ پارلیمانی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ کشمیریوں پر بھارت کے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔