چین نے مسعود اظہر کے خلاف بھارتی قرارداد ایک بار پھر روک دی

 چین نے مسعود اظہر کے خلاف بھارتی قرارداد ایک بار پھر روک دی

نیویارک،نئی دہلی: چین نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی بھارتی قرارداد ایک بار پھر روک دی۔

بھارت مولانا مسعود اظہر کو عالمی سطح پر دہشت گرد قرار دینے کے لیے اقوام متحدہ میں کئی بار قرارداد لا چکا ہے اور ہر بار اسے چین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، چین نے کئی بار بھارتی قرارداد کو تکنیکی بنیادوں پر ویٹو کیا اور ایک بار پھر بھارت کی یہ خواہش پوری نہ ہونے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے فروری میں سلامتی کونسل میں امریکا، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد تکنیکی بنیادوں پر 3 ماہ کے لیے روکی تھی جس کی میعاد 2 اگست کو پوری ہونی تھی تاہم چین نے ایک بار پھر مسعود اظہر کے خلاف قرارداد کو روک دیا۔

بھارتی وزیرخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم صرف امید رکھ سکتے ہیں کہ وہ تمام ممالک جن سے ہمارے دہشت گردی سے متعلق خدشات پائے جاتے ہیں وہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کریں گے۔

واضح رہے بھارت مولانا مسعود اظہر کو پٹھان کوٹ حملے سمیت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی کارروائیوں کا ذمہ دار قرار دیتا ہے جب کہ پاکستان پر جیش محمد کی حمایت کرنے کا الزام بھی عائد کرتا ہے تاہم پاکستان نے ہمیشہ بھارتی الزام کو مسترد کیا ہے.

مصنف کے بارے میں