صنعاء:یمن کی سرکاری فوج نے حوثی باغیوں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد، راکٹ اور دیگر اسلحہ عبوری صدر مقام عدن اسمگل کرنے کی خطرناک سازش ناکام بنا دی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کےایک عسکری ذرائع نے بتایا کہ آرٹلری بریگیڈ 83 کے کیپٹن صادق جلال نے قعطبہ ڈاریکٹوریٹ میں نجد الریمان کے مقام پر ایک چیک پوسٹ سے گذرنے والا ٹرک پکڑا ہے۔
جس میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود عدن اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ٹرک پر آر پی جی راکٹ بھی لادے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عدن کی طرف جانے والا یہ ٹرک صنعا میں باغیوں کے زیر تسلط علاقے سے آیا تھا۔
ٹرک ڈرائیورنے بتایا کہ یمنی باغیوں نے ٹرک پر یہ دھماکہ خیز مواد اور راکٹ لادے۔ مگر وہ چیک پوسٹ پر پہنچنے سے پہلے ہی ٹرک سے اتر گئے تھے۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب یمنی باغیوں نے حکومتی زیرکنٹرول علاقوں میں اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ ماضی میں بھی یمنی فوج اور حکومتی شخصیات کو حملوں کا نشانہ بنانے کے لیے باغیوں تک اسلحہ پہنچانے کی سازشیں کرتے رہے ہیں۔