لاہور: محکمہ ماحولیات نے پنجاب میں نئے کار سروس سٹیشن بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، پابندی کی خلاف ورزی پر پاکستان پینل کوڈ کے تحت کارروائی کی جائے گی اور پابندی کا عمل درآمد فوری طور پر کیا جائے گا۔
محکمہ ماحولیات نے اس پابندی کا جواز دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پانی کی کمی اور خشک سالی کے ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ ایک گاڑی دھونے پر تقریباً 400 لیٹر پانی ضائع ہوتا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق، نئے کار سروس اسٹیشنز خشک سالی کو مزید بڑھا کر ماحولیاتی اور سماجی اقتصادی مشکلات پیدا کریں گے۔
یاد رہے کہ 13 فروری کو پنجاب میں گھروں میں گاڑی دھونے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے تحت خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، کسی بھی قسم کے تیل سے گاڑی دھلوانے پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں یہ بھی کہا گیا کہ کسی بھی قسم کے تیل سے گاڑی دھلوانا بھی ممنوع ہوگا۔