پی ایس ایل سیزن 10 میں پہلی بار مکمل اردو کمنٹری فراہم کی جائے گی، انگریزی اور اردو کمنٹری پینلز کا اعلان جلد کیا جائے گا

01:25 PM, 5 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 10 میں پہلی بار مکمل اردو کمنٹری کا آغاز کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر نے اس حوالے سے کہا کہ یہ اقدام پی ایس ایل کو شائقین کے دلوں کے قریب لانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

سلمان نصیر نے مزید بتایا کہ اردو کمنٹری کے ذریعے لیگ میچوں کے ایکشن اور جوش و خروش کا شائقین کو بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پی ایس ایل کے لاکھوں شائقین کے ساتھ تعلق مزید گہرا ہوگا۔

انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ انگریزی اور اردو کمنٹری پینلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، تاکہ شائقین کو بہترین کمنٹری کا تجربہ مل سکے۔

پی ایس ایل 2025 کا سیزن 11 اپریل سے 18 مئی تک کراچی، راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں