وزیراعظم شہباز شریف چند دن میں عوام کے لیے ایک اور خوشخبری دیں گے: عظمیٰ بخاری

12:19 PM, 5 Apr, 2025

لاہور: صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بہت جلد عوام کو ایک اور خوشخبری دینے والے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوشخبریوں کا موسم شروع ہو چکا ہے اور وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو آئی پی پیز اور بجلی کمپنیوں سے مفادات جڑے ہوئے تھے، وہ اب عوامی ریلیف کو برداشت نہیں کر پا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان سہولت بازاروں میں عوام کو 1.11 ارب روپے کی بچت فراہم کی گئی، اور 3.57 ارب روپے کی خریداری کی گئی۔ 28 ہزار شہریوں نے 3 کروڑ روپے کا سامان فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگست تک 13 نئے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے اور موجودہ بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے 69 کروڑ روپے کی لاگت سے اقدامات کیے جائیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں کرپشن کے قصے زبان زد عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنڈا پور کا پارٹی پر 75 کروڑ روپے خرچ کرنے کا بیان انتہائی تشویشناک ہے۔ صوبائی وزیر نے خیبر پختونخوا میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بدتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کرپشن کے شواہد موجود ہیں۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر، عظمیٰ بخاری نے پانی کی تقسیم کے مسئلے پر بلاول بھٹو پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انہیں جلسوں کے بجائے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وفاق کے سامنے مسائل رکھنے چاہئیں۔

مزیدخبریں