ماؤنٹ مونگانوئی: نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔ میچ کا آغاز بارش کی وجہ سے تاخیر سے ہوا اور میدان کا آؤٹ فیلڈ گیلا ہونے کی وجہ سے میچ کو 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔ کپتان بریسویل کی 40 گیندوں پر 58 رنز کی تیز اننگز نے ٹیم کی بنیاد رکھی۔ دیگر کھلاڑیوں میں رائس ماریو نے 58 رنز، ڈیرل مچل نے 43 اور ہنری نکولس نے 31 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 2 اور فہیم اشرف، سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بابراعظم 50 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ امام الحق چہرے پر گیند لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، جبکہ عثمان خان بھی صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے 5 وکٹیں حاصل کیں، اور اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔