عید سے قبل  مہنگائی میں اضافہ ،  29.45 فیصد ریکارڈ 

03:59 PM, 5 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی :عید سے قبل قلیل مدتی مہنگائی 0.96 فیصد بڑھ گئی اور سالانہ بنیادوں پر معمولی اضافے کے بعد 29.45 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔حساس قیمت انڈیکس میں 17 شہروں کی 50 منڈیوں سے 51 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے، زیر جائزہ مدت کے دوران 16 اشیا کے نرخوں میں اضافہ، 13 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

زیر جائزہ مدت کے دوران سالانہ بنیادوں پر جن اشیا کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، ان میں گیس چارجز برائے پہلی سہ ماہی، پیاز، پسی مرچ ،   لہسن، ٹماٹر، گڑ ، نمک ، انرجی سیور بلب، دال ماش   شامل ہیں۔گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں جن چیزوں کی قیمتیں بڑھیں، ان میں  ٹماٹر، پیٹرول، مرغی کا گوشت ، پیاز، ڈبل روٹی ، گائے کا گوشت، لہسن ، بکرے کا گوشت  اور باسمتی چاول ٹوٹا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عالمی بینک نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ رواں مالی سال 24-2023 کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 26 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ عالمی بینک نے اگلے مالی سال اوسط مہنگائی مزید کم ہو کر 15 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔جبکہ وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اپریل میں مہنگائی کم ہو کر 21 سے 22 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

تاہم، زیرہ جائزہ ہفتے کے دوران جو چیزیں سستی ہوئیں، ان میں کیلے، گندم کا آٹا،انڈے اور ایل پی جی ، ڈیزل ، گڑ ، چینی ، سرسوں کا تیل، دال مسور  اور آلوشامل ہیں۔

مزیدخبریں