اسلام آباد : پاکستان سمیت دنیا بھر میں اہل اسلام نےمقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کے خلاف جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا ، نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی گئی ۔
جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں فلسطین اور غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اسرائیلی قبضہ ختم کرایا جائے کیونکہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔
علمائے کرام نے یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ نہتے اور معصوم فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
یوم القدس کے موقع پرپاکستان میں بھی مختلف مذہبی تنظیموں کی طرف سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ بیت المقدس پر ناجائز قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی شرکا نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کو بند کرانے اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے ۔
شرکاء عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔