اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔دوطرفہ سکیورٹی تعاون ،باہمی دلچسپی کے امور اور پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ بلامقابلہ سینٹر منتخب ہونے پر بھی محسن نقوی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے میچ دیکھ کر بہت انجوائے کیا۔ محسن نقوی کی پی سی بی کے ساتھ وزارت داخلہ میں کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ امید ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچوں سے شائقین کرکٹ محظوظ ہوں گے۔ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔پاکستان مختلف شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ تیاری میں معاون ثابت ہوگی ۔ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے ۔ نمٹنےکیلئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج اورسکیورٹی اداروں نے اس جنگ میں شجاعت اور بہادری کی داستان رقم کی ہے۔ پاکستان برطانیہ کے ساتھ درینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں خصوصی کردار قابل تعریف ہے۔ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔