لاہور : تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسوں کے شیڈول پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کریں گے۔ اجلاس میں انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئینی طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین سے بغاوت کی بات کر رہی ہے۔ عمران خان کے خوف سے یہ اس مقام پر پہنچ گئے کہ آئین بھی توڑ ڈالیں گے۔ آج رات ملک کے 75 شہروں میں حقیقی آزادی کا جشن ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس کوئی بیانیہ نہیں عدلیہ مخالف بیانیہ برے طریقے سے پٹ چکا ہے۔