لاہور :آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا ،پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 163 رنز کا ہدف دیا تھا جسے آسٹریلیا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر ہی پورا کر لیا ۔
لاہور قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،پاکستان کے اوپنرز نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلیا کو جیت کیلئے 163 رنز کا ہدف دیا ۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار اوپننگ پارٹنر شپ لگائی، تاہم اس کے بعد کوئی بڑی پارٹنرشپ دیکھنے میں نہیں آئی،گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اپنی کلاس دکھاتے ہوئے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان 23 رنز کی اننگز کھیل سکے۔ خوشدل شاہ نے 24 اور عثمان قادر کے 18 رنز نے ٹیم کو قابلِ اعتبار ٹوٹل تک پہنچایا۔
آسٹریلوی بائولر نیتھن ایلس نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں ،کیمرون گرین نے دو جبکہ ایڈم زیمپا اور شان ایبٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹیسٹ اور پاکستان نے ون ڈے سیریز اپنے نام کی تھی ۔