کراچی :چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا آئین توڑنا سرپرائز نہیں غداری ہے،آئین شکنی کوئی مذاق نہیں ،یہ بہت ضروری ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک دوسرے افراد کا مؤقف بھی سامنے آئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا عمران خان کہہ رہے ہیں کہ پارلیمان کے ستر فیصد اراکین غدار ہیں، یہ بہت ضروری ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک دوسرے افراد کا مؤقف بھی سامنے آئے ۔
بلاول بھٹو نے کہا قومی سلامتی کے اعلامیہ میں کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں کیا گیا ،کیا قومی سلامتی کے اجلاس میں 197 اراکین کو غدار قرار دیا گیا؟اس کی وضاحت بہت ضروری ہے ۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو کیا وہ اپنی انا بچانے کے لیے کیا، اپوزیشن سمیت کسی رکن پارلیمنٹ نے وہ سازشی مراسلہ نہیں دیکھا، انہوں نے کہا کہ مراسلے پر نہ کسی سفارت کار کو وزیر اعظم ہاؤس یا دفتر خارجہ طلب کیا گیا نہ اس سے متعلق وزیر خارجہ نے امریکی حکومت سے کوئی شکایت کی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کو اکثریت کھونے کا احساس ہوا تو انہوں نے بین الاقوامی سازش کا کہہ کر چلانا شروع کردیا۔