لاہور: پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حناءپرویز بٹ اور عظمی بخاری سمیت اپوزیشن کے 18 افراد کی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں قائد ایوان کے انتخاب کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے پر اپوزیشن کے 18 افراد کی رکنیت معطل کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں رانا مشہود احمد، خواجہ سلمان رفیق، طاہر خلیل سندھو، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ، عنیزہ فاطمہ اور دیگر ارکان کی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر گزشتہ روز سپیشل سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور پر مشتمل انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی جو آج شام اپنی رپورٹ سپیکر کو پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی اپنی رپورٹ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ارکان کو معطل کرنے کی سفارش کر سکتی ہے جس پر عملدرآمد کی صورت میں کئی ارکان اسمبلی کو اپنی نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔