امریکہ نے روس کا دورہ منسوخ نہ کرنے پر ’نافرمان‘ عمران خان کو سزا دی: روسی وزارت خارجہ

10:16 AM, 5 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

ماسکو: امریکہ پر دھمکی آمیز خط بھیجنے کے الزامات اور پاکستان میں موجودہ سیاسی صورتحال پر روس بھی میدان میں آ گیا ہے جس کا کہنا ہے کہ امریکہ نے روس کا دورہ منسوخ نہ کرنے پر ’نافرمان‘ عمران خان کو سزا دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے فروری میں جب ماسکو کا دورہ کرنا تھا تو اس وقت امریکہ اوراس کے مغربی اتحادی دورہ منسوخ کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان پرزبردست دباؤ ڈال رہے تھے۔ 
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کے دباؤ کے باوجود بھی جب وزیراعظم پاکستان عمران خان روس کے دورہ پر آئے تو اس دوران امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ڈونلڈ لیو نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیرکوطلب کرکے دورہ فوری منسوخ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا مگر یہ مطالبہ بھی رد کر دیا گیا۔ 
روسی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے بعد پیدا صورتحال سے واضح ہے کہ امریکہ نے بات نہ ماننے پرعمران خان کوسزا دینے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم کی اپنی جماعت کا ایک گروپ اچانک اپوزیشن میں چلا گیا اور پارلیمان میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی۔ 
روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ امریکہ کی جانب سے آزاد ریاست کے معاملات میں اپنے خودغرضانہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے شرمناک مداخلت کی کوشش ہے۔

مزیدخبریں