لاہور میں او اے لیول کے طلباءکا احتجاج ختم

لاہور میں او اے لیول کے طلباءکا احتجاج ختم
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: او اے لیول کے طلباءنے پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کیساتھ مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا ہے اور راستہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق او اے لیول کے طلباءگورنر ہاﺅس لاہور کے سامنے احتجاج پر بیٹھے تھے جن کا مطالبہ تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے پیش نظر امتحانات ملتوی کئے جائیں۔ 
راجہ یاسر ہمایوں نے طلبا کو بتایا کہ کل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی میٹنگ ہو گی جس میں سکولوں کی بندش میں توسیع سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا اور اسی دوران ہی امتحانات سے متعلق بھی فیصلہ ہو گا۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی تیسری لہر کے باوجود کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامنیشنز نے او لیول کے امتحانات 15 مئی سے اور اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جانے کا اعلان کیا تھا۔ 
پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماءنعیم خان عمرزئی نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے اپیل کی تھی کہ کیمبرج کے زیر تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلباءکے والدین میں بے چینی پائی جاتی ہے، ان کی داد رسی کی جائے۔ 
نعیم خان عمرزئی کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم پر لاکھوں روپے خرچ کر رہے ہیں لیکن نااہل حکومت کی پالیسیوں کے باعث وہ اپنے بچوں کے مستقل کے حوالے سے بے حد پریشان ہیں۔ پوری دنیا میں کیمبرج ایجوکیشن سسٹم بورڈ حکام نے امتحانات ملتوی کر دئیے مگر پاکستان میں حکام امتحانات لینے پر بضد ہیں۔