لاہور، پاکستان کے معروف قوال غلام فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے 27 برس بیت گئے ۔ دنیا بھر میں اپنے فن سے پاکستان کا نام روشن کرنے والے فنکار کو آج بھی عوام فراموش نہیں کرپائے ۔
قوالی کو نئی جہتیں دلانے والے غلام فرید صابری 1930 کو بھارتی ریاست مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے ۔ بچپن سے ہی فن سے لگاؤ نے ان کے اندر موسیقی کی محبت بڑھا دی اور پھر وہ بڑھتی عمر کے ساتھ موسیقی کی تربیت لیتے رہے ۔
سال 1985 میں ان کی قوالی " میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا " نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کردیئے ۔ ان کی گائی ہوئی قوالی " تاجدار حرم ہونگاہ کرم " نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ پاکستان ہو یا بھار ت ہر کوئی ان کے گائے ہوئے کلام پر سر دھنتا نظر آیا ۔
صابری برادران کی گائی ہوئی کئی قوالیاں فلموں میں بھی شامل کی گئیں ۔غلام فرید صابری نے دنیا کے کونے کونے میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے داد سمیٹی ۔
غلام فرید صابری کو 5 اپریل 1994 کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا لیکن ان کی قوالیاں آج بھی ان کے فن کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔