بیجنگ: چین کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ویوو نے اپنا نیا سمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔ جدید فیچرز کے حامل اس فون کو ''ایکس 60 ٹی'' کا نام دیا گیا ہے۔
''ایکس 60 ٹی'' ابھی صرف چینی صارفین کیلئے ہی دستیاب ہوگا۔ دیگر ممالک کے صارفین بعد میں اس سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس فون کی قیمت پاکستانی روپے میں کم از کم 80 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
یہ فون سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جس کی قیمت 3498 یوآن (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔ فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بنیادی کیمرے میں گیمبل سٹیبلائزیشن کا فیچر موجود ہے۔
ویوو کے نئے سمارٹ فون کی پچھلی طرف تین کیمرے دیے گئے ہیں۔ اس میں مین کیمرہ اڑتالیس میگا پکسل جبکہ اس کیساتھ تیرہ میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور پورٹریٹ کیمرے موجود ہیں۔
اس فون میں دیئے گئے دیگر فیچرز میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم، 5 جی سپورٹ اور این ایف سی شامل ہیں۔ سمارٹ فون کے اندر 4300 ایم اے ایچ بیٹری 33ہے جسے واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ ہے۔
خیال رہے کہ ویوو کی جانب سے گزشتہ سال دسمبر 2020ء میں اپنے دو سمارٹ فونز متعارف کرائے گئے تھے۔''ایکس 60'' اور ''ایکس 60 پرو'' نامی ان سمارٹ فونز کو صارفین نے بہت پسند کیا تھا۔
اس کے بعد ویوو کی جانب سے رواں سال جنوری میں ''ایکس 60 پرو پلس'' اور حال ہی میں ''ایکس 60 ٹی'' بھی صارفین کیلئے پیش کر دیا گیا ہے۔ چینی کمپنی کی جانب سے تیار کئے گئے اس نئے سمارٹ فون میں پراسیسر کو تھوڑا تبدیل کیا گیا ہے لیکن یہ دیکھنے میں پرانے فون ''ایکس 60'' جیسا ہی ہے۔