ماسکو : روس نے 33 لاکھ غیرقانی تارکین وطن کو قانونی حثیت دے دی ہے۔ عالمی وبا کے دوران روس نے تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے لیے قانون کا اجرا کیا تھا جس کے تحت غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دی گئی۔
روسی خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی وزارت داخلہ نے بتایا کہ عالمی وبا کے پھوٹنے سے اب تک غیر قانونی تارکین وطن سمیت 33 لاکھ سے زائد غیرملکیوں کو روس میں قانونی حیثیت دی جا چکی ہے ۔
واضح رہے کہ تمام غیر ملکی شہریوں کو روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا۔ اس فرمان سے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنی حیثیت برقرار رکھنے اور روس میں قیام کو قانونی حیثیت دینے کا موقع ملا ہے۔
صدارتی فرمان کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلقہ سفری پابندیوں کے دوران منظور کیا گیا تھا. یاد رہے روس نے سفری پابندیوں کو 15 جون 2021 تک توسیع دی ہے۔