انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں سیلاب سے تباہی،100 افراد ہلاک، متعدد زخمی،کئی لاپتا

انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں سیلاب سے تباہی،100 افراد ہلاک، متعدد زخمی،کئی لاپتا
سورس: twitter

جکارتہ: انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی ہے۔ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 100 سے افراد ہلاک  اور متعدد زخمی ہوگئے ۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

انڈونیشی میڈیا کے مطابق طوفانی بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے  فلورس جزیرے سے لے کر مشرقی تیمور تک پھیلے جزیروں پر تباہی مچائی ہے۔ 

 

طغیانی اور  لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ڈیم اوور فلو ہوگئے جس کی وجہ سے ہزاروں مکانات ڈوب گئے اور اس کے نتیجے میں پھنسے ہوئے متاثرین تک پہنچنے میں امدادی ورکرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انڈونیشین ڈزاسٹر مِٹیگیشن ایجنسی کے ترجمان رادتیا جاتی نے صحافیوں کے بتایا کہ چار  اضلاع اور 7 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ جائے وقوع پر موجود اپنی ٹیم کے ساتھ اعداد و شمار کی تصدیق کرنے کے بعد ہمیں معلوم ہوا ہے کہ 90 افراد ہلاک ہو چکے ہیں تاہم 27 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور نو افراد زخمی ہیں۔

مشرقی فلورس میونسپلٹی میں مکانات، پل اور سڑکیں ڈوب گئیں جہاں بارش اور تیز لہروں کی وجہ سے امدادی کارکن دور دراز اور شدید متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ہمسایہ ملک مشرقی تیمور کے دارالحکومت دلی میں سیلاب سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔