بلاول بھٹو زرداری سیاست میں نومولود ہے: احسن اقبال

11:29 AM, 5 Apr, 2021

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے حوالے سے ہم نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا ۔ہم اس محاذ کو بند کرکے توپوں کارخ حکومت کی طرف رکھنا چاہتی ہے ۔بلاول بھٹو سیاست میں نومولود ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ہمیں سائیڈ میچز میں الجھانا چاہتی ہے ۔ببلاول کی جتنی عمر ہے اتنا ہمارا سیاسی تجربہ ہے ۔وہ ایسی کوئی بات نہ کریں جس سے جدوجہد کو نقصان ہو ۔بلاول کے کسی بیان پر تبصرہ نہیں کروں گا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اتحاد کو ضرب پہنچی ہے ۔سیاسی تحریک کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے ۔تمام جماعتیں لانگ مارچ کے ذریعے مستعفی ہو جاتی تو دس روز میں بوسیدہ نظام ختم ہو جاتا ۔لیکن پی ڈی ایم اب بھی زندہ ہے ، وہ اپنا مشن جاری رکھے گی۔

احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کے کل عدلیہ کے حوالے سے بیان پر رد عمل میں کہا کہ عمران خان نے کل عدلیہ پر حملہ کیا ہے۔ عمران نیازی کے جھوٹ پر عدالتیں کیسے سچ کی مہر لگا سکتی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ عدلیہ تعاون نہیں کر رہی۔عمران خان چاہتے ہیں کہ عدلیہ ان کی مرضی کے فیصلے کرے۔وہ تین سال میں کوئی ایک کرپشن کا ریفرنس سامنے نہیں لا سکے۔

انہوں نے  کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتا ہوں میرے کیس کا سوموٹو لیں۔عوام کو پتا لگے کہ میں نے ستر ارب روپے لوٹے ہیں یا عمران نیازی جھوٹ بول رہا ہے۔نیب میں جو کیسز چل رہے  ہیں وہ میڈیا کے سامنے لائے جائیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے سنہرے خواب دکھائے، اندر سے یہ کھوکھلا تھا۔نئے پاکستان کا خواب دکھا کر پاکستان کو تباہ کر رہا ہے۔عمران نیازی کے پاس الف لیلیٰ کی کہانی کے علاوہ کچھ نہیں۔اس نے پاکستانی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دی ہے۔بین الاقومی اداروں کی رپورٹس آ چکی ہیں کہ پاکستان قرضوں کے جال میں پھنس چکا ہے۔مسلم لیگ نے پانچ سال میں اتنے قرضے نہیں لیے جتنے عمران نیازی دو سوا دو سال میں قرضہ لے چکا ہے۔

مزیدخبریں