اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کو چیلنجز درپیش ہیں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اپوزیشن کے ساتھ حکومت کو مشکل ہوئی تو اس کی بھی آواز بنوں گا۔
سینیٹ اجلاس میں بطور اپوزیشن لیڈر اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں نے پی ڈی ایم کی سپورٹ سے الیکشن لڑا۔ میں ایم این اے کا الیکشن لڑتا رہا اس لیے معلوم نہیں کہ سینیٹر کا انتخاب کتنا مشکل ہے ۔سینیٹر بننا بہت مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس محرومی کو دور کرنے کے لیے ایوان بالا کی تشکیل ہوئی۔اگر یہ پہلے ہوتا تو فال آف ڈھاکہ نہ ہوتا اور ملک دو لخت نہ ہوتا۔ ایوان بالا کے تقدس کیلئے خدمت کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم آئینی حقوق ،خواتین ،اقلیت دیگر کی آواز بنے۔ہم عوامی مفادکیلئےآئےہیں،عوام کی ترجمانی کرنافرائض میں شامل ہے ۔ ملک کو کئی چیلنجز درپیش ہیں ،ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلوں گا۔حکومت کو مشکل ہوئی تو ان کی آوازبھی بنیں گے۔
دوسری طرف اپوزیشن نے یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ماننے سے انکار کردیا ہے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سینیٹ میں پانچ اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن، جے یوآئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل نے اپنا علیحدہ گروپ بنالیا۔