فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت آج ہوگی

10:11 AM, 5 Apr, 2021

اسلام آباد: دوہری شہریت چھپانے پر سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس کی آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت  ہوگی۔

سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل پرچیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

گزشتہ ہفتے دو دن کیس سماعت کے لیے مقرر ہوا تھا لیکن بنچ کی عدم دستیابی پر سماعت نا ہو سکی تھی۔ شہری میاں فیصل نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے ۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا الیکشن 2018 میں نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے دوہری شہریت رکھتے تھے لیکن انہوں نے فارم جمع کراتے ہوئے جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا کہ دوہری شہریت چھوڑ دی ہے۔

سنگل بنچ کے فیصلے میں تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ نہیں لیا گیا۔فیصلہ کالعدم کرکے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت چھپانے اور جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر نااہل کیا جائے۔

واضح رہے کہ فیصل واوڈا کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے اپنی دوہری شہریت چھپائی تھی  جس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ فیصل واوڈا  نااہلی سے بچنے کے لیے  ایم این اے کی حیثیت سے مستعفی ہو گئے تھے اور بعد میں سینیٹر منتخب ہوگئے ۔ 

مزیدخبریں