سینیٹ میں اپوزیشن پارٹیوں کا اجلاس، پی پی اور اے این پی کو نہیں بلایا گیا

10:03 AM, 5 Apr, 2021

اسلام آباد: سینیٹ میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے بغیر آزاد اپوزیشن گروپ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں   ہوا۔سینیٹ اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ۔چیئرمین سینیٹ بھی اجلاس میں پہنچ گئے۔

نیوز نیوز کے مطابق  سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن، جے یوآئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کے سینیٹرز شریک   ہوئے۔

اجلاس میں سینیٹ اجلاس کی حکمت پر مشاورت کی گئی۔آزاد اپوزیشن آج سینیٹ چئیرمین کو اپنی پی پی اور اے این پی کے بغیر علیحدہ حیثیت کی باقاعدہ درخواست دے گی۔

دریں اثنا اجلاس کے دوران چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی  بھی پہنچ گئے ۔انہوں نے آزاد اپوزیشن سینیٹرز سے سیاسی صورتحال اور سینیٹ کے اجلاس کے حوالے سے بات چیت کی۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کے دو گروپ بن گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی ، اے این پی اور جماعت اسلامی کا ایک گروپ ہے جبکہ مسلم لیگ ن، جے یوآئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کا علیحدہ گروپ ہے۔ 

جماعت اسلامی کے علاوہ تمام جماعتیں پی ڈی ایم کا حصہ تھیں لیکن سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے پی ڈی ایم کا فیصلہ نہ ماننے پر پی پی اور اے این پی اپوزیشن اتحاد سے علیحدہ ہوگئی ہیں تاہم ابھی اس کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ چیئرمین سینیٹ پیپلز پارٹی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جے یو آئی اور اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن کا ہوگا ۔پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہارنے کے بعد یوسف رضا گیلانی کو بلوچستان عوامی پارٹی کی مدد سے اپوزیشن لیڈر بنالیا جس پر پی ڈی ایم میں اختلافات شدید ہوئے۔ 

مزیدخبریں