اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس وباءکے دوران معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے کوشش کر رہی ہے، وفاقی حکومت کی نگرانی میں تین اہم اسکیمیں جاری ہیں جو صرف مستحق لوگوں کیلئے ہیں.
ملک بھر سے 1 کروڑ 60 لاکھ لوگوں نے امدادی پیکیج کیلئے درخواستیں جمع کرائی تھیں جن میں سے صرف 40 لاکھ لوگوں کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ باقی امدادی پیکیج کے معیار پر پورا نہیں اتر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس بحران کے دوران مستحق لوگوں کی مدد کیلئے جو پروگرام شروع کئے ہیں ان میں کوئی سیاسی مداخلت یا پسند نا پسند نہیں ہے، مستحق خاندانوں تک انتہائی شفاف طریقے سے امداد پہنچائی جائے گی۔ چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تعمیراتی صنعت کیلئے بڑے پیمانے پر اعلان کردہ پیکیج کو سراہا اور کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کی دوبارہ بحالی سے اس سے جڑی دیگر صنعتیں بشمول سینٹریز ٹائلز اور پینٹ بنانے والی انڈسٹریز بھی کام شروع کر دیں گی، اس کے علاوہ انجنیئرز، پلمبرز اور لیبرز کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام موجودہ مشکل وقت میں لوگوں کیلئے بڑا ریلیف ثابت ہو گا۔ کورونا وائرس کے خاتمہ کی کوششوں کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اب کم قیمت پر ٹیسٹنگ کٹس اور سینی ٹائزرز کی تیاری شروع کر دی ہے جو ملک بھر میں مہیا کئے جائیں گے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت محققین اور گریجویٹس کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ وہ آگے بڑھ کر ملک میں مہلک وباءپر قابو پانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔