زرداری اور بلاول اسلام آباد آئیں، کنٹینرز فراہم کریں گے ، وزیر اعظم عمران خان

 زرداری اور بلاول اسلام آباد آئیں، کنٹینرز فراہم کریں گے ، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: فائل فوٹو

جمرود: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  اسحاق ڈار باہر بھاگا ہوا ہے اور ہمیں بتا رہا ہے کہ معیشت کیسے چلتی ہے؟ ہمارے اوپر پریشر ڈال رہے ہیں کہ ہم انہیں این ار او دیں۔ میں ایک سیاسی لیڈر ہوں میرا کام عوام کو جواب دینا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ، جمرود میں جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زرداری صاحب حکومت کہیں نہیں جانے والی، آپ جیل میں جانے والے  ہیں۔ کل باپ بیٹا کہہ رہے تھے کہ ہم دھرنا دینے آ رہے ہیں۔ میں زرداری اور بلاول کو دعوت دیتا ہوں کہ اسلام آباد آئیں اور دھرنا دیں۔ ہم ناصرف صرف انھیں کنٹینرز فراہم کریں گے بلکہ کھانا بھی دیں گے لیکن میرا چیلنج ہے کہ وہ ایک ہفتہ دھرنے میں گزار کر دکھائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جلسے میں پیسے دے کر لوگوں کو لانے والے  کو معلوم ہوناچا ہیے کہ ایک پرچی دکھا کر کوئی لیڈر نہیں بن جاتا ،  لیڈر جدوجہد سے بنتا ہے۔ دھرنا تب کامیاب ہوتا ہے جب آپ عوام کی بات کرتے ہیں۔

عمران خان  خطاب میں ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  شہباز شریف کا بیٹا اور داماد باہر چلے گئے، اسحاق ڈار باہر بھاگا ہوا ہے اور ہمیں بتا رہا ہے کہ معیشت کیسے چلتی ہے۔ہمارے اوپر پریشر ڈال رہے ہیں کہ ہم انہیں این ار او دیں۔ میں ایک سیاسی لیڈر ہوں میرا کام عوام کو جواب دینا ہے۔ میرے اقتدار میں آنے کا مطلب ہی ان چوروں کو احتساب کرنے کا ہے۔ اس ملک کے پیسے کا جواب دینا پڑے گا۔ اگر بچنا ہے تو ملک کا پیسہ واپس کرو۔ اس پیسے کو ہم نوجوانوں کی تعلیم پر لگائیں گے۔

شریف خاندان کا 100 ارب سے زیادہ پیسہ باہر ہے جبکہ آصف زرداری کا جعلی اکاؤنٹ میں سو ارب سے زیادہ پیسہ ہے۔ نواز شریف کے بچے اربوں کے گھروں میں رہتے ہیں۔ ان سے جواب مانگو تو سندھ کارڈ کھیلنے لگ جاتے ہیں۔

 

وزیراعظم عمران خان نے افغان عوام کو پیغام دیا کہ ہم انھیں اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ افغانستان کے لوگوں کو امن دے کیونکہ وہاں امن کے قیام میں سب کا فائدہ ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 1965ء کی جنگ میں قبائلی لوگ پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہوئے۔