بھارت اس طیارے کے متعلق بھی بتائے جو پاکستان نے مار گرایا تھا، ترجمان پاک فوج

بھارت اس طیارے کے متعلق بھی بتائے جو پاکستان نے مار گرایا تھا، ترجمان پاک فوج
کیپشن: بھارت کے لیے یہ وقت ہے کہ وہ سچ بولے، میجر جنرل آصف غفور۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈٰی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے اس دوسرے طیارے کے بارے میں بھی بتائے جو پاکستان نے مار گرایا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے لیے یہ وقت ہے کہ وہ سچ بولے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنے جھوٹے دعوے اور نقصانات کے بارے میں سچ بولے اور سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں اور سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے اور خصوصاً کشمیر کے معاملے پر کیونکہ خطے کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ امریکی اہلکاروں کی جانب سے تمام ایف سولہ طیارے پاکستان کے پاس موجود ہونے کی تصدیق کیے جانے کے بعد بھارت کا پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہو گیا۔

امریکی جریدے فارن پالیسی کے مطابق پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی تعداد پوری ہے۔ بھارت نے 27 فروری کو لائن آف کنٹرول پر پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

ڈاگ فائٹ میں پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی مگ 21 طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ گو گرفتاری کے بعد خیر سگالی کے جذبے کے تحت رہا بھی کیا تھا۔