آرمی چیف کا دورہ جنوبی وزیرستان ، اہم منصوبوں کا افتتاح ، نقیب اللہ محسود کےوالد سے ملاقات

08:37 PM, 5 Apr, 2018

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں ںے دو بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا جبکہ مقتول نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملاقات کی۔

آرمی چیف نے نقیب اللہ محسود کے والد کو یقین دلایا کہ پاک فوج نقیب اللہ کے لیے انصاف کے حصول کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے دورے کے موقع پر دو سماجی و اقتصادی ترقی کے بڑے منصوبوں کا افتتاح کیاجن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ان میں وانا ایگریکلچر پارک اور مکین کے علاقے میں مارکیٹ شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایگریکلچر پارک وانا میں پائن نٹ پروسیسنگ پلانٹ، 1000 ٹن گنجائش کا کولڈ اسٹوریج، ویئر ہاؤسز، گودام اور 128 دکانیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ مکین کے علاقے میں ایک مارکیٹ کا بھی افتتاح کیا گیا جس میں 728 دکانیں موجود ہیں جبکہ اس سے متصل دیگر سہولیات اور چلڈرن پارک بھی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق منصوبے فاٹا میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے خطاب بھی کیا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا کو مقامی عوام کی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں لانا ضروری ہے، فاٹا کی ترقی اور پائیداراستحکام کیلئے فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ضروری ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مقامی آبادی دہشت گردی کے دوران مشکل دور سے گزری، انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران بھی مشکلات رہیں، اب ہم استحکام اور ترقی کے دور میں واپس آ گئے ہیں ۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن کے حصول کے لیے بھاری جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، مقامی آبادی بھاری قیمت چکاکرحاصل کیےگئےامن کوسبوتاژ کرنےکی اجازت نہ دے , آرمی چیف نے پاک فوج کی مکمل حمایت کرنے پر قبائلیوں سے اظہار تشکر بھی کیا۔

مزیدخبریں