لاہور: مختلف شہروں میں ابر کرم برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، بادل ابھی مزید بھی برسیں گے مگرسندھ میں گرمی کی شدت ابھی بھی برقرار ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں بارش کی برستی بوندوں نے موسم رنگین بنا دیا۔ ملکہ کوہسار میں گہرے بادلوں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ کوئٹہ میں بادل چھائے رہے، آزاد کشمیر میں مظفرآباد سمیت دیگر اضلاع میں بارش سے ندی نالے بھر گئے۔
دوسری جانب سندھ کے شہروں میں گرمی کم نہ ہو سکی، کراچی ،حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں سورج نے خوب غصہ دکھایا، دادو میں پارہ 46 تک پہنچا، نواب شاہ،مٹھی،جیکب آباد،اور پڈعیدن میں بھی ٹمپریچر چالیس سے اوپر رہا۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد سمیت پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر شہروں میں بادل مزید برسیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں اور وفاقی دارالحکومت میں چلنے والی تیز ہوائیں 100کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہیں جس وجہ سے املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔