چین کمبوڈیا کو اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 157 ملین ڈالر کی امداد دے گا

03:17 PM, 5 Apr, 2017

نوم پنہ: چین نے نوم پنہ کے شمالی علاقے میں اسٹیڈیم کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ یہ اسٹیڈیم چینی فنڈ سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ کمبوڈیا 2023 میں پہلی بار جنوب مغربی ایشین گیمز کی میزبانی کر رہا ہے۔ اسٹیڈیم کی تعمیر انہی تیاریوں کا حصہ ہے۔ کمبوڈیا کے وزیر اعظم سمدیش ٹیکو ہن سین اور چینی سفیر زیانگ بو نے سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں 6 ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

کمبوڈیا کی نیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھانگ خون نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم پر ایک ارب چینی یو آن (157 ملین امریکی ڈالر) خرچ ہوں گے جو چین کی طرف سے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اسٹیڈیم 16.4 ہیکٹر رقبے پر تیار کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ 2020 تک مکمل ہو جائے گا۔ اسٹیڈیم فٹبال، رگبی اور اتھلیٹکس کیلئے استعمال ہو سکے گا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین نے کہا کہ اسٹیڈیم کا ڈیزائن قدیم چینی تیرتے ہوئے جہاز کی شکل میں تیار کیا گیا ہے اور اس میں 60 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔

چینی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ چین کی طرف سے اسٹیڈیم کی تعمیر کمبوڈیا کے عوام کے ساتھ دوستی کی مظہر ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں