بھارت: گاؤ ماتا کے محافظوں کے ہاتھوں ایک اور مسلمان قتل

01:19 PM, 5 Apr, 2017

راجستھان: راجستھان کے ضلعے الور میں گاؤ ماتا کے خود ساختہ محافظوں کے مبینہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ پہلو خان کے نام سے کی گئی ہے جو راجستھان کے ضلع الور کا رہائشی تھا۔ الور کے بہروڑ تھانے کی حدود میں ایک گروپ پر ہفتے کی شام اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گاڑیوں میں گائیں لے کر جا رہے تھے۔ حملہ آوروں نے ان کی پک اپ گاڑیاں بھی توڑ دیں۔

واضح رہے اس سے پہلے بھی گاؤ ماتا کے خود ساختہ محافظ مسلمانوں پر حملے کر چکے ہیں۔ یاد رہے بھارت کے علاقے مظفر نگر کی ایک عدالت نے گائے ذبح کرنے کے مقدمہ میں دو مسلمان شہریوں غیور اورغاد علی کو 5، 5 برس قید اور 15 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں