لاہور:بیدیاں روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں حملہ آور کاسر مل گیا ہے، سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا چہرہ قابل شناخت ہے۔خودکش حملے میں سیکورٹی فورسز کے چار اہلکاروں سمیت چھ افراد شہید جبکہ 15زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں تین کی حالت نازک ہے۔ ذرائع کے مطابق خود کش بمبار نے مردم شماری کیلئے جانے والے اہل کاروں کی وین کے قریب دھماکا کیا، جس کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ دوسری کو نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف مردم شماری کی ٹیم تھی ۔ ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد نے چھ شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے شکار تمام شہدا کی وارث ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔