لاہور: قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سنٹرل کنٹریکٹ سے قبل فٹنس ٹیسٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سکواڈ کے اراکین اور بعض سینٹرل کنٹریکٹڈ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 7 اور 9 ستمبر کو لاہور میں ہوں گے۔
ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے معیار 60 فیصد کردیا گیا ہے جو کہ عالمی سطح پر 50 فیصد قرار دیا جاتا ہے، فٹنس ٹیسٹ میں بنچ پریس، سکن فولڈ ، بنچ پل سکواٹ اور جمپ شامل ہیں۔
2 کلو میٹر ٹرائل رن مکمل کرنے کے لیے 8 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے جبکہ تین رنز کے لیے 10 سیکنڈز کا وقت مقرر کیا گیا ہے، 30،30 سیکنڈز کے وقفے سے 6 مرتبہ 3 رنز لینے ہیں، دوڑ اور 3 رنز کے مقررہ وقت نے کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا ہے۔
فٹنس ٹیسٹ کو سینٹرل کنٹریکٹ سے مشروط کیا گیا ہے اور سخت فٹنس کی وجہ سے قومی کرکٹرز پریشانی کا شکار ہیں جبکہ انہوں نے ٹیسٹ کے لیے تیاری شروع کر دی ہے۔
پی سی بی فٹنس ٹیسٹ کے نتیجے کے بعد سینٹرل کنٹریکٹس کے اعلان کا ارادہ رکھتا ہے اور سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 25 تک رکھنے کا امکان ہے۔