بجلی بلوں میں ریلیف، آئی ایم ایف نے نگران حکومت کا  پلان  مسترد کردیا

06:59 PM, 4 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : بجلی بلوں میں ریلیف کے لیے آئی ایم ایف  نے  نگران حکومت کا پلان  مسترد کردیا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ  نے نگران حکومت کا بجلی بلوں میں ریلیف کا پلان رد کردیا ہے۔ 
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پلان میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف سے ساڑھے 6 ارب روپے سےکم کا اثر  پڑےگا، آئی ایم ایف نے  پلان مسترد کرتے ہوئے 15 ارب روپے سے زائدکا اثر بتایا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ  آئی ایم ایف نے 15 ارب کی مالیاتی گنجائش پوری کرنےکا پلان بھی مانگ لیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ  پلان شیئر کیا جانا ہے جس کے باعث تاخیر ہو رہی ہے۔  نیا پلان شیئر ہونے پر آئی ایم ایف حکام اور  وزارت خزانہ  دوبارہ بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق  بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے بجٹ سے آؤٹ نہ ہونےکی آئی ایم ایف کویقین دہانی کرائی گئی ہے، بلوں کو 4  ماہ  میں وصول کرنےکے لیے بھی آئی ایم ایف سے درخواست کی گئی ہے۔ذرائع  کے مطابق بلوں کی اقساط میں وصولی کے پلان پر آئی ایم ایف سے دوبارہ بات کی جائے گی۔

مزیدخبریں