لاہور: بھارتی کرکٹ وفد واہگہ کے راستے پاکستان آگیا ہے۔ یہ کرکٹ وفد ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کے لیے آیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر ایشیا کپ کے میچوں کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی کی سربراہی میں 4 رکنی وفد لاہور پہنچا جہاں ذکا اشرف نے کہا کہ اس طرح پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بہتر ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچے جہاں پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔بی سی بی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے راجر بنی اور ذکا اشرف کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے اور بی سی سی آئی کا وفد یہاں تشریف لایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اے سی سی کے سربراہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری ہیں، یہ ہمارے لیے مناسب ہے کہ ایک وفد پاکستان آئے کیونکہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے، اس سے قبل پرسوں ہم سری لنکا بھی گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی دعوت پر ہمارا وفد یہاں آیا ہے اور ایشیا کپ کے میچز دیکھیں گے اور اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔اس موقع پر بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے کہا پاکستان آکر مجھے خوشی ہوئی ہے، میرا پاکستان کا آخری دورہ 2005 میں تھا جب ایشین کرکٹ کونسل کے لیے پاکستانی فاسٹ باؤلرز پر کام کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ایشیا کپ کے میچز دیکھنے آئے ہیں، کل اور آگے بھی میچز دیکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی انتظامی کمیٹی ذکا اشرف نے بھارتی ہم منصب اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے دعوت دی تھی اور ان کی آمد پر میں ان کی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ممالک کے تعلقات بہتر ہوتے ہیں، ہم نے ان کو دعوت دی اور انہوں نے مہربانی کی اور جب یہ دعوت دیں گے تو ہم بھی ایسا کریں گے، پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں گے اور کرکٹ تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔