ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر لاپتہ، سندھ ہائیکورٹ نے  آئی جی اور دیگر افسران سے جواب طلب کرلیا

02:47 PM, 4 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کی مبینہ گمشدگی کے خلاف دائر درخواست پر انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کی والدہ کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو عدالت میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

گزشتہ روز معروف ٹاک ٹاکر حریم شاہ نے ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ سات دن قبل انکے شوہر بلال کو پاکستان میں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اغوا کرکے لئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے ادار انکے شوہر کا پتہ کروائیں۔ بلال کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔

حریم شاہ نے کہا کہ میرے شوہر کے اغوا کو 7 دن ہو گئے ہیں، ہم لیگل طریقے سے ان کا پتہ کرانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن شاید متعلقہ تھانے پر نہ جانے کس کا دباؤ ہے کہ وہ ابھی تک پتہ نہیں لگاسکے کہ بلال کو کس نے اغوا کیا ہے۔

حریم شاہ نے کہا بلال کی بازیابی کیلئے ہم نے کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کردی ہے۔ بے قصور انسان کو غیر قانونی طریقے سے جس طرح اغوا کیا گیا ہے اس پر انکی فیملی بہت پریشان اور کرب میں ہے۔

بلال شاہ کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں  بلال شاہ کے اغوا کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا  کہ 27 اگست کی شب قیوم آباد بی ایریا سے انکے بیٹے بلال شاہ کو سادہ لباس میں ملبوس افراد جو تین گاڑیوں میں سوار تھے گاڑی سمیت اغواء کر کے لے گئے جس کے بعد بیٹے سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

والدہ نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کیخلاف کوئی کیس نہیں۔ بلال شاہ ایک ہفتہ قبل لندن سے کراچی پہنچے تھے۔ بلال شاہ مجھ سے ملاقات کے بعد گھر سے نکلے تو انہیں مین کورنگی روڈ سے اغوا کر لیا گیا۔ ڈیفنس تھانے میں درخواست بھجوائی لیکن پولیس تاحال بازیاب نہیں کرواسکی۔

انہوں نے کہا کہ بلال شاہ کی اہلیہ حریم سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہیں لیکن ان کے بیٹے کا کسی غیر قانونی یا مجرمانہ سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ ان کے بیٹے کو بازیاب کریں اور اگر اس کے خلاف کوئی مقدمات ہیں تو اس کی تفصیلات فراہم کریں۔

حریم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز پر الزام عائد کرتے ہوئے اپنے  پیغام میں کہا کہ بظاہر مریم نواز کی ایما پر میرے شوہر بلال کو کراچی سے اغواء کیا گیا ہے۔ آئی ایس آئی سے اپیل کرتی ہوں کہ بلال کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

مزیدخبریں