کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کی مبینہ گمشدگی کے خلاف دائر درخواست پر انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کی والدہ کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو عدالت میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
گزشتہ روز معروف ٹاک ٹاکر حریم شاہ نے ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ سات دن قبل انکے شوہر بلال کو پاکستان میں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اغوا کرکے لئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے ادار انکے شوہر کا پتہ کروائیں۔ بلال کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔
حریم شاہ نے کہا کہ میرے شوہر کے اغوا کو 7 دن ہو گئے ہیں، ہم لیگل طریقے سے ان کا پتہ کرانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن شاید متعلقہ تھانے پر نہ جانے کس کا دباؤ ہے کہ وہ ابھی تک پتہ نہیں لگاسکے کہ بلال کو کس نے اغوا کیا ہے۔
حریم شاہ نے کہا بلال کی بازیابی کیلئے ہم نے کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کردی ہے۔ بے قصور انسان کو غیر قانونی طریقے سے جس طرح اغوا کیا گیا ہے اس پر انکی فیملی بہت پریشان اور کرب میں ہے۔
میرے شوہر بلال کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اغواہ کرکے لئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے درخواست کرتی ہوں میرے شوہر کا پتہ کروائیں۔ بلال کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔ pic.twitter.com/lYebJ2clx6
— Hareem Shah (@_Hareem_Shah) September 3, 2023
بلال شاہ کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں بلال شاہ کے اغوا کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ 27 اگست کی شب قیوم آباد بی ایریا سے انکے بیٹے بلال شاہ کو سادہ لباس میں ملبوس افراد جو تین گاڑیوں میں سوار تھے گاڑی سمیت اغواء کر کے لے گئے جس کے بعد بیٹے سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
والدہ نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کیخلاف کوئی کیس نہیں۔ بلال شاہ ایک ہفتہ قبل لندن سے کراچی پہنچے تھے۔ بلال شاہ مجھ سے ملاقات کے بعد گھر سے نکلے تو انہیں مین کورنگی روڈ سے اغوا کر لیا گیا۔ ڈیفنس تھانے میں درخواست بھجوائی لیکن پولیس تاحال بازیاب نہیں کرواسکی۔
انہوں نے کہا کہ بلال شاہ کی اہلیہ حریم سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہیں لیکن ان کے بیٹے کا کسی غیر قانونی یا مجرمانہ سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ ان کے بیٹے کو بازیاب کریں اور اگر اس کے خلاف کوئی مقدمات ہیں تو اس کی تفصیلات فراہم کریں۔
حریم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز پر الزام عائد کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ بظاہر مریم نواز کی ایما پر میرے شوہر بلال کو کراچی سے اغواء کیا گیا ہے۔ آئی ایس آئی سے اپیل کرتی ہوں کہ بلال کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
بظاہر مریم نواز کی ایما پر میرے شوہر بلال کو کراچی سے اغواء کیا گیا ہے۔ آئی ایس آئی سے اپیل کرتی ہوں کہ بلال کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ pic.twitter.com/PSpls0oJZR
— Hareem Shah (@_Hareem_Shah) September 4, 2023