لاہور : پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قوم عمران خان کو اجازت نہیں دے گی کہ وہ اپنے جلسوں میں فوج اور اس کے جرنیلوں کو سیاست میں گھسیٹے۔
عمران خان کے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں اپنے رد عمل میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان میں ہر جرنیل محب وطن ہے۔ سپاہی سے جرنیل تک سب محب وطن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو کسی سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں۔ قوم کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ وہ اپنے جلسوں میں پاک فوج اور اس کے جرنیلوں کو سیاست میں انوالو کرے۔ ہماری پوری فوج تگڑی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف زرادری اور نواز شریف نومبر میں اپنا فیورٹ آرمی چیف لے کر آنا چاہتے ہیں۔ یہ اپنا آرمی چیف لے کر آنا چاہتے ہیں کیونکہ انھوں نے پیسے چوری کیے ہوئے ہیں۔ یہ کیوں ڈرتے ہیں الیکشن سے، یہ آپ کی وجہ سے ڈرتے ہیں، انھیں پتا ہے کہ جب الیکشن ہوا تو ان کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ زرداری اور نواز شریف دونوں کی یہ خواہش ہے کہ کوئی ایسا آرمی چیف لے کر آئیں جو ان کا فیورٹ ہو۔ اپنا آرمی چیف لے کر آنا چاہتے ہیں کیونکہ پیسہ انھوں نے چوری کیا ہوا ہے۔ یہ ڈرتے ہیں کہ یہاں کوئی تگڑا آرمی چیف آ گیا، ایک محب وطن آرمی چیف آ گیا تو پوچھے گا ان سے تو اس ڈر سے یہ دونوں ادھر بیٹھے ہوئے ہیں کہ یہ دونوں مل کر اپنا آرمی چیف مقرر کریں گے۔