پاکستان میں سیلاب سے تباہی ، امیر ممالک اپنے لالچ کی تلافی کریں، فوری قرضے معاف کیے جائیں : برطانوی رکن پارلیمنٹ 

07:28 PM, 4 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

لندن :برطانوی رکن پارلیمنٹ کلاڈیا ویب نے عالمی برادری سے پاکستان کے قرضے فوری طورپر معاف کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ کہتی ہیں پاکستان میں گلوبل وارمنگ سے بدترین تباہی آئی ہے۔ امیر ممالک اس کی تلافی کریں۔ 

برطانیہ کی رکن پارلیمنٹ کلاڈیا ویب ٹوئٹر پر ایک بار پھر پاکستان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئی ہیں ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بارش اور سیلاب کے باعث پاکستان میں ہونے والی تباہی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے قرضے فوری طور پر معاف کیے جائیں۔

کلاڈیا  ویب کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں رواں سال سب سے زیادہ گرمی پڑی اور مئی میں جیکب آباد سب سے گرم ترین شہر رہا جہاں 51 سنٹی گریڈ تک درجہ حرارت پہنچ گیا تھا۔

پاکستان میں جنگلات میں آگ لگی ،گلیشیر پگھلے جس کی وجہ سے اب بدترین سیلاب کا سامنا ہے ۔ پاکستان کے قرضے فوری طور پر منسوخ کریں اور پاکستان کو اس تباہی کا معاوضہ دیا جائے ۔ 

گزشتہ ہفتے کلاڈیا ویب نے کہا تھا کہ گرین ہاؤس گیس کے عالمی اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے تاہم وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ممالک کی فہرست میں 10 اولین ملکوں میں شامل ہے۔ پاکستان امیر ممالک کے لالچ کی قیمت چکا رہا ہے۔امیر ممالک کو اس کی تلافی کرنی چاہیے۔ 

مزیدخبریں