لاہور: گوگل نے سمارٹ فونز کیلئے معروف آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ میں سیٹلائٹ سپورٹ فراہم کرنے پر کام شروع کر دیا ہے جسے نئے ورژن میں پیش کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اینڈرائڈ کے نائب صدر ہیروشی لوک ہائمر نے بتایا کہ ان کی ٹیم سیٹلائٹ سپورٹ پر کام کر رہی ہے جو اینڈرائڈ کے نئے ورژن میں ان ایبل کی جائے گی تاہم انہوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اینڈرائڈ کا ورژن 13 حال ہی میں متعارف کرایا گیا تھا لیکن اس میں یہ فیچر موجود نہیں تاہم 2023ءمیں اینڈرائڈ کے نئے ورژن 14 میں سیٹلائٹ سپورٹ کا فیچر پیش کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب یہ خبریں بھی منظرعام پر آ رہی ہیں کہ ایپل کی جانب سے رواں سال متعارف کرائے جانے والے آئی فون 14 میں سیٹلائٹ سپورٹ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ایپل کی جانب سے 7 ستمبر کو ایونٹ شیڈول کیا گیا ہے جس میں آئی فون 14 متعارف کرانے کیساتھ ساتھ دیگر ڈیوائسز بھی متعارف کرائی جائیںگی اور اس روز ہی سیٹلائٹ سپورٹ سے متعلق بھی حقیقت سامنے آ جائے گی۔
ایپل سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ سیٹلائٹ سپورٹ ایسے علاقوں میں دستیاب ہو سکے گی جہاں موبائل نیٹ ورک یا وائی فائی کوریج موجود نہیں ہو گی اور صارفین کسی ایمرجنسی میں ٹیکسٹ میسجز بھیج سکیں گے۔
اس فیچر کے بارے میں سب سے پہلے رپورٹ دسمبر 2019ءمیں سامنے آئی تھی اور 2021ءمیں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ فیچر آئی فون 13 سیریز کا حصہ بن سکتا ہے، مگر ایسا نہ ہو سکا اور اب آئی فون 14 کے حوالے سے بھی ایسی ہی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
گوگل نے اینڈرائڈ میں سیٹلائٹ سپورٹ فراہم کرنے پر کام شروع کر دیا
03:46 PM, 4 Sep, 2022