واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ریزوٹ پر دی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے چھاپے کے بعد امریکی صدر جوبائین کو ’ریاست دشمن‘ قرار دیدیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے پنسیلونیا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ صدر جوبائیڈن پر الزام عائد کیا کہ میرے ریزورٹ پر کی گئی چھاپہ مار کارروائی انتظامیہ کی جانب سے طاقت کے استعمال کی بدترین مثال ہے، جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا ریزوٹ پر حساس دستاویزات کی تلاش کیلئے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی چھاپے کے بعد پہلی ریلی کا انعقاد ہوا جس میں ٹرمپ نے صدر بائیڈن پر الزامات کی بارش کی۔
ٹرمپ نے ریلی کے ہزاروں شرکاءسے خطاب کے دوران جوبائیڈن پر اپنے خلاف ایف بی آئی کو اسلحے کے استعمال کی اجازت دینے کا الزام بھی عائد کیا۔
76 سالہ ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی اور چوری کا الزام لگایا، اس دوران ٹرمپ نے منشیات استعمال کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر جوبائیڈن کو ’ریاست دشمن‘ قرار دیدیا
03:15 PM, 4 Sep, 2022