اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف اے پی) سے متعلق اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق حکم پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والوں سے بجلی بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی۔
اگست کے بلوں میں مہنگے ایندھن کی قیمت شامل کی گئی تھی جس پر شہری سراپا احتجاج تھے تاہم اب وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، ان کے آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نوٹیفکیشن کی تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا ’وزیراعظم شہباز شریف کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع، فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر نوٹیفکیشن جاری، 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بجلی بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ’وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی، جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔‘