دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاءکپ میں آج ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق اہم میچ سے قبل فاسٹ باؤلر شاہ نواز دھانی بھی سائیڈ سٹرین انجری کے باعث ان فٹ ہو کر ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ محمد حسنین یا حسن علی کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
شائقین کرکٹ اس اہم میچ میں پاکستان کی جیت کیلئے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں فتح کے بعد قومی ٹیم کا اعتماد واپس آ چکا ہے جس کے باعث آج کے میچ میں جیت پاکستان کا مقدر ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اس سے قبل 28 اگست کو ایشیاءکپ کے دوسرے میچ میں ٹکرائی تھیں جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔
بعد ازاں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ہانگ کانگ کو شکست دینے کے بعد سپر فور مرحلے میں پہنچی ہیں جہاں آج ایک بار پھر شائقین کرکٹ کو بڑا ٹاکرا دیکھنے کو مل رہا ہے۔